اسلام امن ، اخوت ، ہمدردی ورواداری کا مذہب

امریکہ میں نماز عیدالفطر کے موقع پر آئمہ کرام کے خطبات ، کینیڈا میں بھی عید منائی گئی
شکاگو ۔ 28 جولائی ۔ ( سید خواجہ ناظم الدین سلیم ) اسلام ایک امن و اشتی و بھائی چارگی ایک دوسرے کی مدد و ہمدردی و رواداری کے علاوہ دوسرے مذاہب کی تعظیم و تکریم کی بھی تعلیم و ہدایت دیتا ہے ۔ دین اسلام کو دہشت گردی کے الزام سے منسوب کرنا غیرواجبی و نامعقول بات ہے۔ اسلام دوسرے کسی مذہب یا فرقہ کے تعلق سے جھوٹ پر مبنی الزامات کا ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ ان خیالات کا اظہار ائمہ کرام ، خطیبان و مقررین نے شکاگو اور مضافات میں مختلف مساجد ، اسلامی مراکز کے علاوہ بڑی بڑی ہوٹلوں اور بینکویٹ ہالس میں منعقدہ نماز عیدالفطر کے موقع پر کیا جہاں ہزاروں فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی ۔ ائمہ کرام و مقررین نے جہاں فلسطین ، شام ، عراق ، مصر وغیرہ میں بے قصور جاں بحق ہونے والے معصوموں کیلئے دعائے مغفرت کی وہیں ہندوستان و پاکستان کے علاوہ تمام عالم میں امن اور سکون کیلئے رقت انگیز دعائیں کیں۔ آج تمام نارتھ امریکہ اور بشمول کینیڈا میں جوش وخروش سے عیدالفطر منائی گئی ۔ قبل ازیں شکاگو ہلال کمیٹی کا ایک اجلاس مفتی نوال الرحمن صدر شرعیہ بورڈ شکاگو کی نگرانی میں منعقد ہوا جس میں مفتی غلام صمدانی ، مفتی محمد حمزہ ، مفتی عبدالستار ، مفتی اعزاز ، مولانا عبدالعزیز نائب صدر شرعیہ بورڈ ، مولانا احمد قاسمی ، مولانا الیاس قاسمی ، مولانا عبدالحلیم ، مولانا عبیدالرحمن اور جناب امجد ہاشمی چیرمین ہلال کمیٹی نے شرکت کی ۔ امریکہ دوسرے صوبوں کے علمائے کرام و ذمہ داروں سے ربط پیدا کرنے کے بعد متفقہ طورپر دوشنبہ 28 جولائی کو عیدالفطر ہونا قرار پایا ۔شکاگو کے مشہور تجارتی علاقہ دیوان ایونیو پر جہاں ہندوستانی پاکستانی اور بالخصوص حیدرآبادیوں کی کثیرآبادی رہتی بستی ہے عید کے اعلان کے ساتھ ہی ہزاروں کی تعداد میں لوگ خرید و فروخت میں مصروف دکھائی دیئے ۔ پولیس کوٹرافک کنٹرول کرنے کیلئے کافی دشواریاں پیش آرہی تھی ۔ ریسٹورنٹ ، گراسری اسٹور ، کپڑوں اور دوسری دوکانیں تقریباً صبح 4 بجے تک کھلی رہیں ۔ کئی منچلے نوجوانوں نے آتشبازی بھی کی ۔