اسلام آباد 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی دارالحکومت کو ایک سرکاری رپورٹ میں نہایت خطرناک قرار دیئے جانے کے ایک روز بعد وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے آج کہا کہ اسلام آباد محفوظ شہر ہے جہاں خطرہ کا امکان گھٹا ہے۔ چودھری نثار نے نیوز کانفرنس کو بتایا کہ حکومت نے اسلام آباد کو درپیش تمام تر دہشت گردانہ خطرات کے سدباب کیلئے اپنی بہترین کوشش کی ہے اور اس کے نتیجہ میں جون 2013 ء ’’صرف ایک دہشت گردانہ واقعہ‘‘ ہوا ہے اور وہ بھی دارالحکومت کے مضافات میں ۔ وزارت داخلہ نے کل ایک رپورٹ میں ادعا کیا تھا کہ دارالحکومت ممنوعہ گروپوں جیسے القاعدہ ،تحریک طالبان پاکستان اور لشکر جھنگوی کے ’’سلیپر سلس‘‘ کی موجودگی کی وجہ سے نہایت جوکھم میں ہے۔ لیکن وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ ذمہ داری کے ساتھ بیان کرسکتے ہیں کہ اسلام آباد محفوظ ہے اور سارے ملک کی سلامتی حکومت کی کوشش ہے۔