سید عمر جلیل اور اے کے خاں کا دورہ ‘فبروری میں سنگ بنیاد کا منصوبہ ‘ماہر آرکٹیکٹس کی خدمات
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ اسلامک کلچرل اینڈ کنونشن سنٹر اور انیس الغرباء کے ہمہ مقصدی کامپلکس کیلئے جلد از جلد تعمیری منصوبہ کو قطعیت دیں۔ چیف منسٹر فروری میں ان دونوں اہم پراجکٹس کے سنگ بنیاد کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق اقلیتی بہبود کے عہدیدار ماہر آرٹیکٹس کے ذریعہ دونوں پراجکٹس کے پلان کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل ، مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے آج اسلامک اکلچرل اینڈ کنونشن سنٹر کی اراضی کا معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ عہدیداروں نے مسجد عالمگیر ہائی ٹیکس اور گٹلہ بیگم پیٹ کی وقف اراضیات کا بھی معائنہ کیا۔ چیف منسٹر نے 40 کروڑ روپئے سے درگاہ حضرت حسین شاہ ولیؒ کی منی کنڈہ میں واقع اراضی پر عالمی معیار کا اسلامک سنٹر قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ انیس الغرباء کیلئے 4000 مربع گز اراضی پر ہمہ مقصدی کامپلکس 20 کروڑ روپئے سے تعمیر کیا جائے گا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دونوں پراجکٹس کیلئے اراضی کا معائنہ مکمل ہوچکا ہے اور وقف بورڈ سے اسلامک سنٹر کی اراضی کے بارے میں تفصیلات حاصل کی گئی ہیں۔ عہدیدار اس بات کو یقینی بنارہے ہیں کہ جس اوقافی اراضی پر کلچرل سنٹر تعمیر کیا جائے گا ، وہ تنازعات سے پاک ہوگا۔ اس اراضی کے بارے میں عدالتوںمیں کوئی مقدمات زیر دوران نہ ہوں۔ بتایا جاتا ہے کہ کلچرل سنٹر کے لئے طئے شدہ اراضی کے اطراف بعض غیر مجاز تعمیرات کی شکایت ملی ہیں، اس کے علاوہ حکومت اطراف کی کچھ اراضی کلچرل سنٹر کی توسیع کیلئے حوالے کرنے کا منصوبہ رکھتی ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود کے مطابق چیف منسٹر نے جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کا مشورہ دیا ہے اور دونوں پراجکٹس کا سنگ بنیاد چندر شیکھر راؤ کریں گے۔ سید عمرجلیل اور اے کے خاں نے گٹلہ بیگم پیٹ کی وقف اراضی کا بھی معائنہ کیا۔ حال ہی میں سپریم کورٹ میں 90 ایکر وقف اراضی کے تحفظ میں وقف بورڈ کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ سپریم کورٹ نے اراضی کے بارے میں نیا وقف نوٹیفکیشن جاری کرنے کی اجازت دی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود کے مطابق بہت جلد نیا اعلامیہ جاری کردیا جائے گا جس کے مطابق یہ اراضی مکمل طور پر وقف بورڈ کے کنٹرول میں آجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس اراضی کو بھی ترقی دینے کیلئے حکومت منصوبہ تیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسجد عالمگیر ہائی ٹیکس کے تحت ایک ایکر 20 گنٹے وقف اراضی موجود ہے جسے ڈیولپمنٹ کیلئے لیز پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے خستہ حال مسجد کی تعمیر اور اراضی کے تحفظ کیلئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے اسلامک سنٹر، انیس الغرباء اور مکہ مسجد کیلئے جملہ 28 کروڑ 48 لاکھ روپئے وقف بورڈ کی گرانٹ ان ایڈ سے جاری کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں لیکن وقف بورڈ کو یہ رقم ابھی تک الاٹ نہیں کی گئی ۔ اسلامک سنٹر اور انیس الغرباء کامپلکس کیلئے پہلی قسط کے طور پر فی کس 10 کروڑ روپئے جاری کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔ اس بارے میں جب سکریٹری اقلیتی بہبود سے وضاحت طلب کی گئی تو انہوں نے کہا کہ حکومت جلد ہی یہ رقم وقف بورڈ کو جاری کردے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اردو میں نیٹ امتحانات کے انعقاد اور تلنگانہ کیلئے اضافی حج کوٹہ حاصل کرنے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے وزیراعظم کو مکتوب روانہ کیا جارہا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی یہ مکتوب شخصی طور پر وزیراعظم کے حوالے کریں گے۔