اسلامک ڈیولپمنٹ بنک کے توسط سے قربانی نہ دینے کا حجاج کرام کو اختیار

حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے ایک پریس نوٹ میں بتایا ہے کہ حج 2015 کے دوران حجاج کرام کی جانب سے قربانی کے لیے حج کمیٹی نے وسیع تر انتظامات کئے ہیں ۔ ماضی میں بعض عناصر نے حجاج کرام کا استحصال کرتے ہوئے قربانی کی رقم تو جمع کرلی لیکن قربانی دینے کے معاملہ میں بدعنوانیوں کی بے شمار شکایات وصول ہوئیں ۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی حج کمیٹی نے قونصل جنرل جدہ کے اشتراک سے قربانی کے لیے اسلامک ڈیولپمنٹ بینک سے معاہدہ کیا ہے ۔ اسلامک ڈیولپمنٹ بینک مملکت سعودی عربیہ کا واحد مسلمہ ادارہ ہے جسے حجاج کرام کی جانب سے قربانی دینے کا مجاز قرار دیا گیا ہے ۔ اسلامک ڈیولپمنٹ بینک نے اس سال قربانی کے لیے فی حاجی 469 ریال جو مبلغ 8,200 روپئے کے برابر ہے وصول کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ جن عازمین کرام سے یہ رقم وصول کی جائے گی ان کو حج کمیٹی قربانی کے کوپن جاری کرے گی ۔ حج کمیٹی نے عازمین حج سے دوسری قسط کی جس رقم کا اعلان کیا ہے اس میں قربانی کی یہ رقم شامل ہے ۔ تاہم حج کمیٹی نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ اگر کوئی حاجی صاحب اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے توسط سے قربانی نہ دینا چاہیں تو ان کو قربانی کے 8200 روپئے کی رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اور وہ دوسری قسط کی رقم میں سے 8200 روپئے منہا کرنے کے بعد بینک میں رقم جمع کرواسکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ جو حاجی صاحب حج افراد کرنا چاہیں تو ان کو بھی یہ رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے یا پھر جو حاجی صاحب قربانی کے بدلہ میں دس روزے رکھنا چاہتے ہیں وہ بھی یہ رقم ادا نہ کریں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید کہا کہ جو حجاج کرام اسلامک ڈیولپمنٹ بینک سے قربانی نہ دینا چاہتے ہوں ان کو پیر 22 جون تک ایک پروفارما پر حج کمیٹی میں درخواست داخل کرنے کی ضرورت ہے ۔۔