اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے عہدیداروں سے پوچھ تاچھ

آئی ڈی کیتحقیقاتی عہدیدار کے روبرو بیان ریکارڈ
ممبئی۔/24جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے متنازعہ اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی غیر سرکاری تنظیم آئی آر ایف کے عہدیداروں سے منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کی ہے۔ ایجنسی کے حکام نے بتایا کہ انہوں نے گذشتہ ہفتہ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے نمائندوں کو سمن جاری کیا تھا اور نمائندوں نے آج تحقیقاتی عہدیدار کے روبرو حاضر ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔ اس موقع پر بعض مشتبہ دستاویزات کی جانچ پڑتال بھی کی گئی۔ قبل ازیں نیشنل انوسٹگیشن ایجنسی نے ذاکر نائیک اور آئی آر ایف کے خلاف قانون انسداد غیر قانونی سرگرمیاں کے تحت شکایت درج کی تھی جس کے بعد انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے بھی قانون انسداد منتقلی غیر قانونی دولت (PMLA) کے تحت کیس درج کرکے سمن جاری کیا تھا۔ جبکہ ایجنسی کو بینک معاملتوں کے بعض مشتبہ دستاویزات دستیاب ہوئے ہیں۔علاوہ ازاں این آئی اے نے گذشتہ ماہ 51سالہ ذاکر نائیک کے خلاف مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں قانون انسداد دہشت گردی کے تحت دوسرا کیس درج کیا ہے جس کے بعد ممبئی پولیس کے ساتھ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے عہدیداروں کے دفاتر اور رہائش گاہوں کی تلاشی لی گئی تھی اور مرکزی وزارت داخلہ نے بھی بیرونی عطیات حاصل کرنے پر پابندی عائد کردی ہے ۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک گرفتاری سے بچنے کیلئے فی الحال سعودی عرب میں قیام پذیر ہیں