اسقاط حمل پر عورت کو سزا ٹرمپ بیان سے مکر گئے

واشنگٹن ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہیکہ اگر امریکہ میں اسقاطِ حمل غیرقانونی قرار دیا جاتا ہے تو ایسا کرنے والی خواتین کو کسی نہ کسی قسم کی سزا ملنی چاہئے۔ اس سے پہلے ایم این بی سی نیٹ ورک کو دیے گئے ایک انٹر ویو میں انھوں نے ’اسقاطِ حمل کروانے والی خواتین کو سزا دینے‘ کی بات کہی تھی جس پر شدید تنقید کی گئی۔ لیکن اب ٹرمپ نے پینترا بدلتے ہوئے کہا ہیکہ ’صرف وہ شخص (ڈاکٹر) جو یہ اسقاطِ حمل کریگا اسے سزا ہونی چاہیے۔‘ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ان کا موقف اب بھی وہی ہے۔ صدارتی امیدوار کی دوڑ میں شامل ڈونالڈ ٹرمپ بعض مخصوص معاملات کے علاوہ اسقاطِ حمل پر مکمل پابندی کے حامی ہیں۔ امریکہ میں سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے بعد 1973 سے اسقاطِ حمل قانونی ہے۔ صرف ہائیکورٹ یا ایک آئینی ترمیم ہی امریکہ میں اسقاطِ حمل کو غیرقانونی قرار دے سکتی ہے۔