وٹیکن سٹی ۔ 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاپائے روم پوپ فرانسس نے اسقاط حمل کو کسی قتل کیلئے کرایہ کا قاتل حاصل کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ رومن کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا فرانسیس نے وٹیکن میں معتقدین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یہ مثال دی اور کہا کہ ’’حمل کو روکنا یا ساقط کرنا کسی کو ہلاک یا ختم کرنے کے مترادف ہے … کسی بنی نوع انسان سے چھٹکارہ پانے کی کوشش کرنا ایسا ہی ہے جیسے کوئی مسئلہ حل کرنے کیلئے کرایہ کا قاتل حاصل کرنا ہوتا ہے‘‘۔ پوپ فرانسیس نے سینٹ پٹراسکوائر میں معتقدین سے ہفتہ وار ملاقات اور خطاب کے دوران تیار شدہ متن سے ہٹ کر یہ تبصرہ کیا۔ ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے عیسائی مذہبی پیشوا نے اپنے خطاب کے دوران ’’انسانی زندگی میں زوال، پستی و انحطاط، کی شکایت کرتے ہوئے گہری فکر و تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے جنگ، جدال و استحصال اور اسقاط حمل کا حوالہ دیتے ہوئے اس کو اتلاف، اسراف و زیاں کا کلچر قرار دیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایک معصوم زندگی کا اتلاف کیونکر علاج معالجہ، مہذب و انسانی ہوسکتا ہے۔ فرانسیس نے اس سال ایک بل کی مخالفت کی تھی جس کے ذریعہ ارجنٹائن میں اسقاط حمل کو قانوناً جائز قرار دیا گیا ہے۔ کیتھولک عیسائیوں نے ان کے گرجاگھر کی رکنیت کو ترک کردیا تھا۔