حیدرآباد 5 جنوری (این ایس ایس )چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے سری ہری کوٹہ میں ستیش دھون خلائی مرکز سے دیسی ساختہ کرائیو جینک انجن کے ذریعہ جیوسنکرونس سٹیلائیٹ لانچ وہیکل (جی ایس ایل وی ۔ ڈی 5 ) کو کامیابی سے داغے جانے کے بعد ہندوستانی اداروں برائے خلائی تحقیق (اسرو) کے سائنسدانوں کو مبارکباد دی ۔ چیف منسٹر نے اپنے پیغام مبارکباد میں کہا کہ ’’ ہندوستان کیلئے آج ایک تاریخی دن ہے اس سٹیلائیٹ کی کامیاب پرواز ایک کامیاب مشن کی سمت پہلا قدم ہے اور کرائیوجینک وہیکل ٹیکنالوجی میں اسرو کی مہارت کا ثبوت ہے‘‘۔
تلگودیشم پارٹی کے صدر این چندرا بابو نائیڈو نے بھی جی ایس ایل وی ڈی 5 کو کامیابی سے داغے جانے پر اسرو کے سائنسدانوں کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسرو کے سائنسدانوں نے دنیا بھر میں خلائی تحقیق کے شعبہ میں ہندوستان کی ساکھ کو مقبول کرنے میں کلیدی رول ادا کیا ہے ۔ یہ ہندوستانی سائنسدانوں کی ایک اہم کامیابی ہے ۔پی ٹی آئی کے مطابق وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے بھی اس کامیابی پر اسرو کے سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے ۔