بنگلور ۔ 28اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرو کی جانب سے ایک عصری فیوچرسٹک اسکرام جٹ راکن انجن کا تجربہ کیا گیا ۔ اس کامیاب تجربہ کیلئے ہندوستان اب چنندہ ملکوں کے کلب میں شامل ہوگیا ہے ۔ اسکرامجٹ انجن کا پہلا تجرباتی مشن آج صبح 6بجے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن کی جانب سے آندھراپردیش کے سری ہری کوٹہ میں ستیش دھون اسپیس سنٹر سے کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا ۔ اسرو کے عہدیداروں نے اس مشن کو اب تک کے تیار کردہ انجنوں میں سب سے عصری قرار دیا ۔ اس طرح کی انجن سازی کی کوشش میں ایک اہم سنگ میل رکھا گیا ہے ۔ ہندوستان اب اس طرح کے تجربات کرنے والا چوتھا ملک بن گیا ہے ۔ امریکہ ‘ روس اور یوروپی اسپیس ایجنسی کے بعد ہندوستان نے بھی اسکرام انجن کا تجربہ کرلیا ہے ۔ 12گھنٹوں کی الٹی گنتی شروع ہونے کے بعد ٹھوس راکٹ بوسٹر اڈوانس ٹکنالوجی کے ذریعہ اسکرام جٹ انجنوں کو صبح 6بجے داغا گیا اور یہ 300سیکنڈس کی پرواز کے بعد خلیج بنگال میں جاگرا جو سری ہری کوٹہ سے 320 کلومیٹر دور واقع ہے ۔ اسرو نے کہا کہ یہ مختصر وقفہ والا تجربات پر مبنی ٹسٹ تھا ۔چینائی سے موصولہ اطلاع کے بموجب صدر پرنب مکھرجی نے آج ملک میں بنائے جانے والے اسکریم جیٹ راکٹ انجن کی کامیاب لانچنگ کیلئے اسرو کے سائنسدانوں کو مبارک باد دی ہے ۔مسٹر مکھرجی نے ٹویٹ کرکے کہا ‘اسکریم جیٹ راکٹ انجن کی کامیاب لانچنگ کیلئے اسرو کو دلی مبارکباد۔ ہندستان کو آپ پر فخر ہے ۔