اسراف کی شادیوں کا بائیکاٹ کرنے جناب زاہد علی خاں کا فیصلہ خوش آئند

ادارہ سیاست کی ایک کھانا ، ایک میٹھا مہم تحریک میں تبدیل ، جناب مشتاق ملک کا نیک عزم ، عوام کو بھی عمل کی تلقین
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : شادیوں میں اسراف نے مسلمانوں کی معیشت کو کھوکھلا کر کے رکھدیا ہے ۔ سماجی رتبہ کے اظہار کے لیے قرض ، سود ، جائیدادوں کی فروخت ، رہن جیسے معاملات کررہے ہیں ۔ اللہ رسول ؐ کا حکم ہے کہ نکاح اپنے رتبے کے اظہار کے لیے نہیں بلکہ انسانی ضرورت کے لیے ہے ۔ نکاح بابرکت عمل ہے اور یہ باعث اجر و ثواب ہے مگر آج مسلمان نکاح سے برکت اجر و ثواب کے بجائے گناہ کے مرتکب ہورہے ہیں ۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے کہا کہ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے اسراف ، ناچ گانے ، لغویات کی شادیوں میں خود اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست اور جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست کو بھی شرکت نہ کرنے کی تلقین کی ۔ صدر تحریک مسلم شبان نے اس عمل کو اصلاح معاشرہ تحریک کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی آج اس بات کا اعلان کرتے ہیں کہ ایسی تمام شادیوں کا بائیکاٹ کریں گے جو اسراف اور اسلامی احکامات کے خلاف ہوں ۔ جناب محمد مشتاق ملک نے ان کی لڑکیوں کی شادیاں بھی ان شاء اللہ سادگی سے کرنے کا عزم کیا ۔ جناب زاہد علی خاں معاشرے میں پھیلی ، شادیوں کے نام برائیوں کے خلاف مسلسل اخبار سیاست کو ایک تحریک میں تبدیل کردیا ہے ۔ ایک کھانا ایک میٹھا کی مہم کو تحریک مسلم شبان نے جناب زاہد علی خاں کی سرپرستی میں ایک کھانا ایک میٹھا مہم چلا رہی ہے ۔ انہوں نے عامتہ المسلمین سے خواہش کی کہ وہ بھی شرعی احکامات کے مطابق اپنی لڑکی اور لڑکوں کے نکاح کریں ۔۔