یروشلم ۔ 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے آج غزہ میں حماس کے خلاف اپنے حملوں میں شدت لانے سے قبل کہا ہیکہ اس نے کم از کم 4 فلسطینیوں کو ہلاک کیا ہے۔ حماس نے دعویٰ کیا کہ اس نے اسرائیل کی مخبری کرنے والے 11 مشتبہ افراد کو گولی مار دی ہے۔11 مخبروں کو گولی مارنے کے چند ہی گھنٹوں بعد حماس نے سینکڑوں افراد کی موجودگی میں مزید 7 جاسوسوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا ہے ۔ حماس نے خبردار کیا ہے کہ دوسرے جاسوسوں اور مخبروں کا بھی ایسا ہی حشر کیا جائیگا ۔ حماس کمانڈرس پر نشانہ لگاکر بمباری کے چند گھنٹوں بعد اسمعیل ہنیہ نے کہا کہ سینئر لیڈر کی ہلاکت کے بعد ہم اپنی راہ پر گامزن ہونگے۔ہماری لڑائی جاری رہے گی۔
یہ تینوں قاسم بریگیڈس کے ارکان تھے۔ حملے میں جنوبی غزہ کے 7 شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں جہاں حماس قائدین رہائش پذیر ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہیکہ تینوں کمانڈرس اسرائیل کے خلاف حملوں کے ذمہ دار تھے۔ اسی دوران تصریت پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملوں سے دو فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ اس کے قریب پڑوسی علاقہ درالبلا پر حملوں میں مزید دو فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ کل سے اسرائیل کے حملوں میں 72 فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں۔