اسرائیل کے فضائی حملے، چار حزب اللہ کارکن ہلاک
یروشلم ۔ 26 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے لبنان ۔ شام سرحد کے قریب فضائی حملے کئے جس میں حزب اللہ کے 4 کارکن ہلاک ہوگئے اور ہتھیاروں کا ذخیرہ تباہ ہوگیا ۔ میڈیا کی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے دو ٹرکس کو نشانہ بنایا جن میں سے ایک میں میزائیل اور دوسرے ٹرک میں میزائیل لانچر تھے اور انہیں لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو منتقل کیا جارہا تھا۔ حزب اللہ نے فضائی حملے کی توثیق کی اور کہا کہ اس جارحیت کا موزوں وقت پر موثر جواب دیا جائے گا۔
ایف بی آئی کا 1993 ء میں اُسامہ سے ربط تھا
واشنگٹن ۔ 26 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایف بی آئی نے 1993 میں اُسامہ بن لادن کے ساتھ راست رابطہ میں اپنے ایک ذریعہ کو رکھا تھا اور اُسے معلوم ہوا کہ القاعدہ لیڈر امریکہ میں دہشت گردانہ حملوں کیلئے فینانس کی تلاش میں ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی کے لئے یہ معلومات اس قدر مفید رہی کہ وہ لاس اینجلس میں میسونک لاج کے خلاف دہشت گردانہ منصوبہ کو ناکام بناسکی ۔ یہ باتیں عدالت کو ایک حلفیہ بیان میں سامنے آئی ہے ۔ واشنگٹن ٹائمس کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ تمام معلومات 11 سپٹمبر 2001 کی سرکاری تحقیقات سے غائب ہیں۔ ایف بی آئی کے لاس اینجلس آفیس کے ایک سابقہ اعلیٰ عہدیدار ایڈورڈ کرن نے کہا کہ وہ واحد ذریعہ تھا جو اُن کے علم میں آیا جس نے القاعدہ کے بارے میں اطلاع دی۔