اسرائیل کے خلاف مظاہرین پر سی آر پی ایف کی فائرنگ

کلگام ۔ 19 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرین پر سی آر پی ایف جوانوں نے فائرنگ کردی جس میں ایک 15 سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق نماز جمعہ کے بعد ہزاروں احتجاجی غزہ میں اسرائیلی بمباری کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے تھے ۔ سیکوریٹی فورسیس کی فائرنگ میں ایک نوجوان کو گولی لگی ۔ اسے فوری قریبی ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں سے ڈسٹرکٹ ہاسپٹل اننت ناگ رجوع کیا گیا تاہم راستے میں ہی وہ جانبر نہ ہوسکا ۔ اس لڑکے کی سہیل احمد لون کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ گولی اس کے سینہ میں لگی تھی اور مردہ حالت میں اسے یہاں لایا گیا ۔

جیسے ہی یہ اطلاع عام ہوئی عوام کی کثیر تعداد نے سڑکوں پر جمع ہو کر آزادی کی تائید اور ہندوستان کی مخالفت میں مظاہرہ کیا ۔ موافق آزادی نعروں کے دوران جلوس کی شکل میں نوجوان کا جنازہ لایا گیا ۔ چوک میں نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ آبائی مقام پر تدفین عمل میں آئی ۔ اس کے بعد ہزاروں نوجوان کھدوانی اور قوثمو میں جمع ہوگئے ۔ سیکوریٹی فورسیس نے برہم نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا ۔ اس کے باوجود رات دیر گئے تک احتجاجی مظاہرے جاری رہے ۔ یہاں صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی ہے ۔ اس دوران گیلانی کی زیر قیادت حریت کانفرنس نے اتوار کو کلگام بند کا اعلان کیا ہے ۔۔