نئی دہلی 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنتادل متحدہ نے آج اقوام متحدہ حقوق انسانی کونسل کے اجلاس میں فلسطین سے متعلق قرارداد پر ووٹنگ کے دوران غیر حاضر رہنے نریندر مودی حکومت کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔ جنتادل متحدہ کے جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ پارٹی کا یہ احساس ہے کہ مرکزی حکومت کا یہ فیصلہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے جس کے باعث عرب ممالک کے ساتھ یکجہتی متاثر ہوسکتی ہے۔انھوں نے بتایا کہ اگر دیرینہ پالیسی سے انحراف کیا گیا تو مستقبل میں کوئی مغربی ایشیائی ممالک ہمارے ساتھ نہیں ہوگا۔ اقوام متحدہ حقوق انسانی کونسل کے اجلاس میں فلسطین سے متعلق قرارداد پر ووٹنگ کے دوران ہندوستان پہلی مرتبہ غیر حاضر رہا، جبکہ اس قرارداد کے ذریعہ گزشتہ سال غزہ میں تصادم کے دوران سینکڑوں فلسطینیوں کی ہلاکت پر اسرائیل سے جواب طلب کیا گیا ہے۔ تیاگی نے کہاکہ اقوام متحدہ میں اسرائیل کی تائید کرنے حکومت کے فیصلہ کی جنتادل متحدہ مذمت کرتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ اگر 40 ممالک اسرائیل کے خلاف فلسطینی موقف کی تائید کررہے ہیں تو جنتادل متحدہ یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ مرکزی حکومت نے اس روایت کی خلاف ورزی کیوں کی ہے۔