اسرائیل کی کمپنی کے ساتھ ہندوستان کا دفاعی سودا منسوخ

یروشلم ۔ 3 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کی ایک اعلیٰ سطح ہتھیاروں کی کمپنی نے یہ توثیق کی ہے کہ ہندوستان نے 500ملین ڈالرس کی لاگت سے اسپاک اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائیل کے ایک سودے کو منسوح کردیاہے اور منسوخی پر اظہارافسوس بھی کیا ہے۔ سودے کی منسوخی ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نتن یاہو ہندوستان کاد ورہ کرنے والے ہیں۔ اسرائیلی کمپنی ریفائیل کو ہندوستان کی وزارت دفاع سے ایک اعلامیہ موصول ہوا ہے جس میں اسپائک سودے کی منسوخی کاتذکرہ کیا گیاہے ۔ ریفائیل ایڈوائس ڈیفنس سسٹمس کے ترجمان اشائی ڈیوڈ نے یہ بات بتائی ۔ یہاں اس بات کاتذکرہ بھی ضروری ہے کہ اسپاٹک کااستعمال دنیا بھر میں 26 ممالک کرتے ہیں اور اس کمپنی کا انتخاب ہندوستان نے کافی غور و خوص اور دشوار کن مراحل سے گزرنے کے بعد کیا تھا جہاں تمام دفاعی پروکیورمنٹ کی تکمیل بھی کی گئی تھی ۔

یروشلم کے حوالہ سے اسرائیلی پارلیمنٹ میں نیا بل
تل ابیب۔ 3 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی پارلیمنٹ نے ایک نئی آئینی ترمیم کے ذریعہ یروشلم کا کوئی بھی حصہ فلسطینیوں کے حوالہ کرنے کے لیے درکار پارلیمانی ووٹوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے ۔ اس ترمیم کے مطابق یروشلم کا کوئی بھی حصہ کسی بھی ’غیرملکی فریق‘کو دینے کے لئے 120 رکنی پارلیمنٹ کے کم از کم 80 ارکان کی حمایت درکار ہو گی۔ اس سے قبل یہ تعداد 61 تھی۔ یہ قانونی مسودہ انتہائی دائیں بازو کی جیوئش ہوم پارٹی نے پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا، جسے منظور کر لیا گیا۔ یہ ترمیم ایک ایسے موقع پر کی گئی ہے ، جب قریب ایک ماہ قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کر لیا تھا۔