اسرائیل کی احد تمیمی کے بیرون ملک سفر پر پابندی

غزہ۔9ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیل نے تحریک آزادی فلسطین کی متحرک کارکن احد تمیمی اور اہل خانہ کے بیرون ملک سفر پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق قابض اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ رسید کرنے والی نڈر نوجوان فلسطینی لڑکی احد تمیمی اور ان کے اہل خانہ کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ پابندی اسرائیلی حکومت نے احد تمیمی کی رہائی کے ایک ماہ بعد لگائی ہے۔احد تمیمی کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں فلسطین کی مزاحمتی تحریک کے حوالے سے منعقدہ سیمینارز میں شرکت کے لیے یورپ جانا تھا لیکن اسرائیلی حکام نے آگاہ کیا ہے کہ تاحکم ثانی احد تمیمی اور پورے اہل خانہ پر بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد ہے۔