اسرائیل کیخلاف جنگ میں ’’کئی ملیشیاؤں‘‘کی شرکت : نصر اللہ

بیروت ۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) لبنانی تنظیم حزب اللہ کے سکریٹری جنرل حسن نصر اللہ نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل نے لبنان یا شام کے خلاف جنگ چھیڑی تو صہیونی ریاست کے خلاف جنگ میں متعدد ممالک کے ہزاروں جنگجو شریک ہوں گے۔حسن نصر اللہ کے بیان نے لبنانی ریاست کو سخت مشکل میں ڈال دیا ہے۔ بالخصوص جب کہ حزب اللہ کے سکریٹری جنرل نے فرقہ واریت کی بنیاد پر ایران ، عراق ، یمن ، افغانستان اور پاکستان جیسے ممالک سے جنگجوؤں کی اسرائیل کے خلاف جنگ میں شرکت کی بات کی ہے۔نصر اللہ کی جانب سے لبنان یا شام میں لڑنے کے لئے ہزاروں جنگجوؤں کے تیار رہنے کے اعلان کا صاف مطلب شام ، عراق اور یمن میں فرقہ وارانہ ملیشیاؤں کو قانونی حیثیت دے دینا ہے۔حزب اللہ کے سکریٹری جنرل کی جانب سے لبنان کو ایک نئی جنگ میں جھونکنے کی کوشش بیروت سمیت چار عرب دارالحکومتوں کے فیصلوں میں ایران کے بڑھتے ہوئے کردار کے حوالے سے انتباہات کی تصدیق کر رہی ہے۔