اسرائیل کو یہودی مملکت تسلیم نہیں کیا جائیگا : الفتح

یروشلم ، 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) فلسطینیوں کی انقلابی کونسل کے صدر محمود عباس نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ اسرائیل کو یہودی مملکت کے طور پر تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ عباس کے مطابق انقلابی کونسل نے متفقہ طور پر اس مناسبت سے ایک قرارداد کی منظوری دی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی کوششوں سے گزشتہ برس شروع کردہ مشرق وسطیٰ امن مذاکرات میں پیش رفت کیلئے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو حکومت کا ایک اہم مطالبہ ہے کہ فلسطینی، اسرائیل کو ایک یہودی ریاست کے طور پر تسلیم کریں۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اردن کی سرحد پر ایک فلسطینی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ۔ فلسطینی حکام نے کہا کہ مہلوک فلسطینی اردن میں جج کے طور پر ملازمت کرتا تھا۔