اسرائیل کو سیکوریٹی آلات فراہم کرنے والی کمپنی سے بل گیٹس نے سرمایہ نکال لیا

نیویارک ۔ 5 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے امیر ترین امریکی ارب پتی بل گیٹس نے اسرائیل کو سیکوریٹی آلات اور خدمات فراہم کرنے والی برطانوی کمپنی سے اپنا کثیر سرمایہ نکال لیا ہے ۔ یہ دنیا کی بڑی کمپنیوں میں ایک ہے جس کی مالیت اربوں ڈالر کی ہے اور دنیا بھر میں اس کے ملازمین کی تعداد 6 لاکھ سے زائد ہے ۔ یہ کمپنی غزہ میں قائم اسرائیلی جیلوں اور چیک پوسٹ کو سیکوریٹی خدمات فراہم کرتی ہے۔ ان غیر قانونی جیلوں میں بے قصور فلسطینیوں کو طرح طرح کی اذیتیں دی جاتی ہیں اور ان پر مظالم ڈھائے جاتے ہیں۔ فلسطینی این جی او ’’ادامیر‘‘ نے دیگر مقامی اور بین الاقوامی رضاکارانہ تنظیموں کے ساتھ مل کر بل گیٹس سے یہ اپیل کی تھی کہ وہ اس کمپنی میں اپنا 17 کروڑ ڈالر کا سرمایہ نکال لیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اسرائیل کی حالیہ لڑائی اور غزہ میں بمباری کے پس منظر میں بل گیٹس نے این جی او کی اپیل پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔