اسرائیل کا یروشلم میں نئے مکانات کی تعمیر کا اعلان

یروشلم، 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی حکام نے مشرقی یروشلم میں 200 نئے مکانات کی تعمیر کا اعلان کر دیا، جبکہ امریکہ نے اسرائیل کے اس اقدام پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے مشرقی یروشلم میں دو سو نئے مکانات کی تعمیر کو پارلیمانی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس اعلان سے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان مقدس مقامات کے موضوع پر پیدا ہونے والی شدید کشیدگی کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔ اسرائیل کی جانب سے یہ اعلان امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے اردن پہنچنے سے چند گھنٹے قبل کیا گیا۔ کیری اپنے اس دورے میں فریقین کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش میں ہیں۔ پارلیمانی منظوری کے باوجود یروشلم میں راموت کے علاقے میں ان نئے مکانات کی تعمیر میں کئی برس کا وقت لگ سکتا ہے۔ اس شہر کے میئر کے دفتر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شہری انتظامیہ نے عرب علاقے میں بھی 174 مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ راموت کے علاقے میں 70 ہزار اسرائیلی آباد ہیں، جن میں سے زیادہ تر یہ سمجھتے ہیں کہ مستقبل میں بھی یہ علاقہ اسرائیل ہی کا حصہ رہے گا۔