اسرائیل کا فلسطینی قیدیوں کی رہائی کیساتھ نئی یہودی آبادکاری کا منصوبہ

یروشلم ، 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کی حکومت اگلے ہفتے کے دوران ایک طرف تو امن مذاکرات کے تناظر میں فلسطینی قیدیوں کی تیسری کھیپ کو رہا کرنے والی ہے تو دوسری جانب وہ نئی یہودی آباد کاری کے منصوبے کا اعلان بھی کر سکتی ہے۔ کل ایک اسرائیلی عہدیدار نے بتایا کہ اگلے ہفتے اسرائیلی جیلوں میں قید فلسیطنی قیدیوں کی تیسری کھیپ رہا کر دی جائے گا،

تاہم اس موقع پر مزید یہودی بستیوں کی تعمیر کا اعلان بھی ہو گا۔ اسرائیل اور فلسطینی انتظامیہ کے درمیان جاری راست امن مذاکرات کے تحت اسرائیلی جیلوں میں قید فلسیطنی قیدیوں کو بتدریج رہا کیا جا رہا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارہ ’اے ایف پی‘ کے مطابق اسرائیل اگلے ہفتے مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم کے مقبوضہ علاقوں میں نئی یہودی آباد کاری کیلئے ٹنڈر جاری کرے گا۔ خیال رہے کہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری اور یورپی یونین کی جانب سے تنقید کے باوجود چند روز قبل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا تھا کہ نئی یہودی بستیوں کی تعمیر جاری رہے گی۔

اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ وہ نئی یہودی آباد کاری کے سلسلے میں تعمیر کے پروگرام کو ایک لمحے کیلئے نہیں بھی روکیں گے۔ نیتن یاہو کے مطابق وہ اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں مشغول ہیں اور یہ ملک کو مزید طاقتور بنانے کے علاوہ ترقی کے راستے کو مزید کشادہ کرے گا۔