مقبوضہ بیت المقدس 11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے فلسطینی حدود مغربی کنارہ اور مشرقی بیت المقدس میں مزید 1800 مکانات تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔ فلسطین نے نئے مکانات کی تعمیر کو امن عمل کو سبوتاج کرنے کی جانب اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ اسرائیل کی جانب سے یہ اعلان امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دسویں دورہ کے صرف ایک ہفتہ بعد کیا گیا۔
جان کیری فلسطینی اور اسرائیلی حکام کے مابین امن مذاکرات کا دوبارہ آغاز چاہتے ہیں لیکن مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر اس راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ’’پیس ناؤ‘‘ تنظیم کے مطابق اس میں سے 1076 رہائشی یونٹس مشرقی بیت المقدس جبکہ 801 مغربی کنارے میں تعمیر کئے جائیں گے۔عرب ممالک، امریکہ و یوروپی یونین نے فلسطینی اراضیات پر نئی یہودی بستیوں کی تعمیر کی سخت مخالفت کی ہے اور امریکہ نے یہ دھمکی بھی دی تھی کہ مزید بستیوں کی تعمیر کی صورت میں امداد روک دی جائیگی۔