اسرائیل کا فضائی حملہ ،دولت اسلامیہ کے 7دہشت گرد ہلاک

یروشلم ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے آج ایک فضائی حملہ میں سات دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جن کے بارے میں کہا جارہا ہیکہ ان کا تعلق دولت اسلامیہ تنظیم سے تھا اور وہ لوگ شام کی گولان پہاڑیوں کے ذریعہ اسرائیل میں دراندازی کی کوشش کررہے تھے۔ دہشت گردوں نے جنگ بندی کی لائن کو جیسے ہی عبور کیا، اسرائیلی فوج نے فوری طور پر میزائل سے حملے شروع کردیئے کیونکہ دہشت گرد اسرائیل کے قبضہ والی گولان پہاڑیوں کی حدود میں 100 تا 150 میٹر تک اندر آ گئے تھے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان جوناتھن کانریکس نے یہ بات بتائی اور کہا کہ آج جب ان علاقوں کی اسرائیلی فوج نے چھان بین کی تو انہیں سات دہشت گردوں کی نعشیں ملیں جن کے پاس پانچ اے کے 47 رائفلیں بھی تھیں۔ کانریکس نے کہاکہ جس مقام پر نعشیں ملیں وہاں دھماکو جیکٹس اور دستی بم بھی دستیاب ہوئے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسرائیل کے جنوبی علاقہ میں شام کی فوجی کارروائی کے بعد ہی دولت اسلامیہ گروپ کو یہاں اپنے قدم جمانے کا موقع ملا جس کے بعد سے اسرائیلی فوج نے ان کی حرکات و سکنات پر نظر رکھنا شروع کردی اور بالآخر فضائی حملے کرتے ہوئے سات دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ اگر انہیں روکا نہ جاتا یا ان پر نظر نہ رکھی جاتی تو دہشت گرد اسرائیلی سیکوریٹی فصیل تک پہنچ جاتے جس کے سنگین نتائج ہوسکتے تھے۔