ہندوستانیوں سے اسرائیل بہترین مارکٹ میں تبدیل
حیدرآباد۔17اپریل(سیاست نیوز) اسرائیل کا دورہ کرنے والے ہندستانی سیاحوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے ۔ ہندستانی سیاحوں کے لئے اسرائیل سیاحتی مرکز کی حیثیت سے منفرد مقام حاصل کرنے لگا ہے ۔ اسرائیلی سفارتخانہ کے مطابق سال 2017کے دوران 58ہزار700 ہندستانیوں نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا اور جنوری 2018تاڈسمبر 2018کے دوران 70ہزار 800 ہندستانیوں نے اسرائیل کا دورہ کیا ہے۔ اسرائیلی وزارت سیاحت کے مطابق ہندستانی سیاحوں کیلئے اسرائیل ترجیحی مقام بنتا جا رہاہے اور دنیا کے دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاح بھی اسرائیل کا رخ کر رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ دنیا بھر سے سال گذشتہ اسرائیل کو بغرض سیاحت روانہ ہونے والوں کی تعداد 40لاکھ سے زائد رہی اور جاریہ سال بھی اس تعداد میں زبردست اضافہ ریکارڈ کئے جانے کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ اسرائیل کی وزارت سیاحت کا کہنا ہے کہ ہندستان تیزی سے اسرائیل کیلئے بہترین مارکٹ بنتا جا رہاہے اور ہندستانی سیاحوں کی اسرائیل آمد سے مارکٹ میں بہتری ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔بتایاجاتاہے کہ راست پروازوں کے آغاز کے علاوہ ویزا کی فراہمی میں سہولت اور اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے چلائی جانے والی تشہیری مہم کے سبب اسرائیل کا سفر کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے او رکہا جا رہاہے کہ آئندہ برسوں کے دوران اسرائیل مزید ہندستانی سیاحوں کو اسرائیل کے دورہ کی دعوت اور سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کرے گا۔ اسرائیلی وزارت سیاحت کے مطابق ہندستان سے ائیر انڈیا کی دہلی تا تل ابیب راست پرواز کے آغاز کے علاوہ اسرائیل کی جانب سے کولکتہ میں ویزا ایپلیکیشن مرکز کے قیام اور ہندستانی شہریوں کے لئے ویزا فیس میں کمی کے اقدامات کے سبب بھی ہندستانی شہریوں کی بڑی تعداد اسرائیل کا دورہ کرنے لگی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ہندستانیو ںکے لئے اسرائیل نے ویزا فیس میں تخفیف کرتے ہوئے اسے 1100 روپئے کردیا ہے جبکہ سابق میں یہ فیس 1700روپئے ہوا کرتی تھی علاوہ ازیں ویزا کی اجرائی میں ہونے والی مشکلات کو بھی دور کرنے کے اقدامات کئے جا چکے ہیں۔