اسرائیل پر مصری جہادی گروپ کا راکٹ حملہ

قاہرہ۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے ایک جہادی گروپ نے آج دعویٰ کیا کہ اس نے بحر احمر کے تفریحی مقام ایلات پر راکٹ حملہ کیا جس کو اسرائیلی فضائی دفاعی نظام نے روک دیا۔ گزشتہ پندرہ دن کے دوران یہ دوسرا حملہ تھا۔ القاعدہ سے متاثر انصار بیت المقدس گروپ نے جو مصر کے شورش زدہ جزیرہ نما سینائی تک محدود ہے، مزید حملے کرنے کی دھمکی دی ہے۔

اس گروپ نے جہادی فورموں پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ ’’انصار بیت المقدس میں شامل آپ کے بھائیوں کی خدا نے مدد کی ہے جنہوں نے کامیابی کے ساتھ اسرائیلی شہر ایلات کو نشانہ بنایا‘‘۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’یہودیو! تمہیں جان لینا ہوگا کہ کوئی بھی چیز ہمیں تم سے لڑنے سے نہیں روک سکتی۔ اگر ساری دنیا کی فوج بھی تمہارے اشاروں پر سرگرم ہوجائے تو اس سے کچھ نہیں ہوگا ، خدا کی مدد اور نصرت ہمارے ساتھ رہے گی، اور ہم تمہیں ہلاک کردیں گے‘‘۔

اسرائیلی فوج کی بمباری اور فائرنگ سے 25 فلسطینی زخمی
مقبوضہ بیت المقدس ۔ یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی جنگی طیاروں کی غزہ میں بمباری اور رملہ میں نوجوان کی شہادت کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر فائرنگ سے 25 فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فورسیز کے F-16 طیاروں نے غزہ میں تین مقامات پر بمباری کی۔ اسپتال کے ذرائع کے مطابق رفع کے علاقہ میں بمباری سے 8 فلسطینی شہری شدید زخمی ہوئے۔ غزہ کے شمالی علاقے میں اسرائیلی فوج میزائیل حملوں میں دو فلسطینی زخمی ہوئے۔ دوسری جانب رملہ کے علاقہ میں فلسطینی نوجوان کے قتل کے خلاف احتجاج کرنے والے شہریوں پر صیہونی فورسیز فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں 15 مظاہرین زخمی ہوگئے۔