یروشلم ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) غزہ پٹی میں شدت پسندوں نے جنوبی اسرائیل میں تقریباً 20 راکٹ داغے، جس کی وجہ سے عام شہریوں کو بم شلٹرس میں پناہ لینی پڑی۔ اسرائیلی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ایک راکٹ گیس اسٹیشن کے قریب اور دوسرا ابلک لائبریری کے قریب پھٹا۔ فوج کے مطابق آئرن ڈوم ڈیفنس سسٹم نے تقریباً 3 راکٹس کو بے اثر کردیا جبکہ دیگر کھلے علاقہ میں گرے۔ غزہ میں اسلامی جہاد گروپ نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے اور کہا کہ ایک دن قبل اسرائیلی فضائی حملوں میں اس کے 3 ارکان ہلاک ہوگئے تھے جس کا بدلہ لینے کیلئے آج ہم نے 20 راکٹس فائر کئے۔ ایک اور شدت پسند گروپ نے بھی راکٹ فائر کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ 50 سے زائد راکٹس فائر کئے گئے ہیں۔ ایرانی پشت پناہی کی حامل اسلامی جہاد نے گذشتہ کئی سال کے دوران بے شمار اسرائیلیوں کو خودکش بم دھماکوں اور دیگر حملوں کے ذریعہ ہلاک کیا ہے۔