یروشلم ، 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ وادی گولان کے علاقے میں شام کے ایک جنگی طیارے کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ جون 1982ء کے بعد اسرائیلی فوج کی جانب سے کسی شامی طیارے کو مار گرانے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ اسرائیل کے سرکاری ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے وادی گولان کی فضائی حدود میں پرواز کرنے والے ایک شامی لڑاکا جہاز کو مار گرایا ہے۔ العربیہ کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کی کارروائی میں گرایا گیا جنگی طیارہ روسی ساختہ ’سوخوی 24‘ تھا جسے سرکاری فوج سرحدی علاقے القنیطرہ اور دیگر مقامات پر باغیوں کے ٹھکانوںپر بمباری کیلئے استعمال کر رہی تھی۔ اسرائیلی فوج نے ایک فوجی اڈے سے پیٹریاٹ میزائل کے ذریعیشامی طیارہ تباہ کیا۔ مبصرین شام کے جنگی طیاروں کی اسرائیلی فضائی حدود میں داخلے کو شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ شام کی جانب سے اسرائیل کی فضائی حدود کی خلاف ورزیاں ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب عالمی برادری امریکہ کی قیادت میں داعش کے خلاف بھرپور جنگ کی تیاری کر رہی ہے۔