اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کے احاطہ میں نیا ریمپ منہدم کردیا

یروشلم ۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے آج مسجد اقصیٰ کے احاطہ میں نئے نصب کردہ لکڑی کی سیڑھیوں کو منہدم کردیا، جہاں سے غیرمسلموں کی رسائی میں اضافہ ہورہا تھا۔اسرائیل کی اس کارروائی پر اردن نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اسرائیل نے اگست کے اوائل میں غزہ لڑائی کے دوران یہ ریمپ تعمیر کیا تھا۔ یہ متوازی مغربی دیوار سے ملحق تھا جو مسجد اقصیٰ کے احاطہ تک پہنچتا ہے۔ مغربی ریمپ غیرمسلموں کیلئے یہاں تک رسائی کا واحد راستہ تھا۔ مسجد اقصیٰ کے موجودہ موقف میں کسی بھی طرح کی تبدیلی مسلمانوں کیلئے بالخصوص باعث تشویش ہے کیونکہ یہ ان کی تیسری مقدس ترین مسجد ہے۔ وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو نے گذشتہ ہفتہ ریمپ کو منہدم کرنے کا حکم دیا تھا اور کہا تھا کہ یہ غیرقانونی تعمیر ہے اور اس کیلئے مؤثر طور پر اجازت حاصل نہیں کی گئی۔