تہران ۔ 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے آج کہا کہ فلسطینی عسکریت پسند خونریز 50 روزہ غزہ لڑائی کے دوران فاتح بن کر ابھرے اور انہوں نے اپنے اسرائیلی دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ جانباز فلسطینی شہریوں نے اپنی مزاحمت کی فتح کے ساتھ ایک نئے دور کی شروعات کی ہے جبکہ صیہونی مملکت نے گھٹنے ٹیک دیئے۔ ’’یہ فتح تمام مقبوضہ اراضیات بالخصوص قدس (یروشلم) کی فیصلہ کن آزادی کی راہ ہموار کرتی ہے،‘‘ وزارت خارجہ نے ان الفاظ کے ساتھ فلسطینی عوام اور غزہ کے عسکری گروپوں کو مبارکباد دی جن کی ایران تائید کرتا ہے۔ ایک دہے میں مہلک ترین اسرائیلی ۔ فلسطینی تشدد کے 7 ہفتوں بعد طویل المدتی فائربندی کل 1600 جی ایم ٹی پر لاگو کی گئی، جس کے ساتھ غزہ پٹی کے اطراف و اکناف خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ یہ لڑائی جو 8 جولائی کو شروع ہوئی جب اسرائیل نے سرحد پار راکٹ فائر کو ختم کرنے کی کوشش میں آپریشن کا آغاز کردیا تھا، اس کے نتیجہ میں 2,143 فلسطینیوں کی جانیں گئی اور اسرائیلی سمت 70 جانوں کا نقصان ہوا۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیکہ 70 فیصد فلسطینی مہلوکین عام شہری تھے جبکہ 64 فیصد اسرائیلی مہلوکین فوجی تھے۔