اسرائیل میں ایک شخص نے کار ہجوم میں گھسادی

یروشلم۔ 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل میں ایک شخص نے کار ہجوم میں گھسا دی جسے پولیس نے دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے اور ڈرائیور کو گولی مار دی۔ اس واقعہ میں ایک شخص ہلاک اور 13 دیگر زخمی ہوگئے۔ وزیرداخلی سلامتی اسحاق ہارونو وچ نے بتایا کہ زخمیوں میں ایک بارڈر پولیس آفیسر بھی شامل ہے۔ انہوں نے اسے دہشت گرد حملے کے مقصد سے کیا گیا سڑک حادثہ قرار دیا۔ اسلامی جہاد سے مربوط ایک ویب سائیٹ پر حملہ آور کا نام ابراہیم العقری بتایا گیا جو مشرقی یروشلم کا ساکن ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ گیلاد شالیت کی رہائی کے بدلے جن فلسطینی قیدیوں کو اسرائیل نے آزاد کیا ہے ان میں حملہ آور کا بھائی بھی شامل ہے۔ اسرائیل کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کار ڈرائیور نے سڑک کے کنارے بس اسٹاپ پر جمع کئی پیدل راہرو افراد کو ٹکر دے دی اور پھر اپنا سفر جاری رکھتے ہوئے آگے ایک اور مقام پر اسی طرح ٹھہرے ہوئے افراد کو نشانہ بنایا اس کے بعد ڈرائیور نے گاڑی سے باہر نکل کر ایک سلاخ کے ذریعہ لوگوں پر حملہ کرنا شروع کردیا۔ پولیس نے اس شخص کو گولی مار دی۔