اسرائیل سے دوستی ہندوستان کی عین خواہش

نئی دہلی؍ تل ابیب ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے اسرائیل کے ساتھ ہندوستان کے روابط کو مزید وسعت دینے کی اپنی خواہش کا بھرپور اظہار کیا اور کہا کہ روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ دیگر نئے شعبوں میں بھی یہ تعاون یقینی بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے سابق صدر اسرائیل شمعون پیریز سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق شمعون پیریز نے نریندر مودی کو انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی اور ہندوستان کی معاشی و سماجی ہیئت میں تبدیلی لانے کیلئے شروع کئے گئے ان کے پروگرامس کی سراہنا کی۔ اسرائیلی لیڈر نے کہا کہ یہ پروگرامس روایتوں کے احترام اور عصری ٹیکنالوجی کے استعمال میں صحیح توازن برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی اور فروغ ساری دنیا کیلئے فائدہ مند ہوگا۔ شمعون پیریز نے کہا کہ اسرائیل ترقی کے سفر میں ہندوستان کا پارٹنر بننے کے لئے تیار ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ شمعون پیریز سے ملاقات ان کے لئے ایک اعزاز ہے، کیونکہ پیریز کی زندگی ساری دنیا کیلئے ایک مثالی پیام ہے۔ ایسے وقت جبکہ شمعون پیریز ہندوستان کے دورہ پر ہیں، مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے وزیراعظم اسرائیل بنیامن نتن یاہو سے ملاقات کی اور یہودی مملکت کے ساتھ ہندوستان کے انتہائی گرمجوشانہ روابط کو مستحکم بنانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

نتن یاہو نے راج ناتھ سنگھ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی اور اسرائیلی عوام میں جو مشترکہ خصوصیات پائی جاتی ہیں ، وہ ان کی اختراع پسندی اور مستقل مزاجی ہے۔ وزیر داخلہ کا یہ پہلا باہمی دورہ ہے اور انہوں نے قبل ازیں ٹوئٹ کیا کہ ہندوستان اور اسرائیل انتہائی گرمجوشانہ اور دوستانہ باہمی روابط کے حامل ہیں۔ ہم اسے مزید مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں۔ راج ناتھ سنگھ کل رات یہاں پہونچے۔ وہ طئے شدہ پروگرام کے مطابق صبح یہاں پہنچنے والے تھے لیکن موناکو میں خراب موسم کی بناء ان کی پرواز منسوخ کردی گئی تھی۔ راج ناتھ سنگھ کے پروگرام میں غیرمتوقع تبدیلی کے باوجود حکومت ِ اسرائیل نے ان کا سرخ قالین پر استقبال کیا۔ راج ناتھ سنگھ کا نتن یاہو کے علاوہ وزیر دفاع موشے یالون اور پبلک سکیورٹی کے وزیر اسحاق ہارونوچ نے اپنے شیڈول کو تبدیل کرتے ہوئے خیرمقدم کیا۔ راج ناتھ سنگھ نے دورۂ اسرائیل کا آغاز یروشلم کے قدیم شہر میں واقع مقدس مقامات سے کیا۔

وزیر داخلہ نے اس کے بعد وادیٔ اُردن اور اسرائیل کے شمالی و جنوبی علاقہ کا ہیلی کاپٹر کے ذریعہ دورہ کیا تاکہ ملک میں سکیورٹی کی صورتِ حال کا انہیں اندازہ ہوسکے۔ اس وقت نیشنل سکیورٹی مشیر یوشیع کوہن ان کے ہمراہ تھے۔ واضح رہے کہ کوہن نے حال ہی میں نئی دہلی میں راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی تھی اور دونوں ممالک کو درپیش مشترکہ چیلنجس پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ ان مسائل کو حل کرنے کے بارے میں بھی بات کی۔ اسرائیل کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ہندوستان ہمارے لئے انتہائی اہم حلیف ہے اور وزیر داخلہ کے دورہ کو ہم غیرمعمولی اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دورہ سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔ ہندوستانی وزیر داخلہ کا یہ جون 2000ء کے بعد پہلا دورہ ہے اور اس وقت کے وزیر داخلہ ایل کے اڈوانی نے یروشلم کا دورہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کے فروغ میں نمایاں رول ادا کیا تھا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ستمبر میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس نیویارک کے موقع پر وزیراعظم اسرائیل بنیامن نتن یاہو سے ملاقات کی تھی۔