اسرائیل اگری ٹیکس 2015، ہندوستانی زرعی افراد کی شرکت

انڈو ۔ اسرائیل چیمبر آف کامرس اجلاس ، ریوی فریڈ مین قونصل تجارت کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : اسرائیل اگری ٹیک 2015 میں ہندوستان اور حیدرآباد کے شعبہ زراعت سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کررہے ہیں ۔ تل ابیب میں ماہ اپریل کے دوران منعقد ہونے والی اس کانفرنس کے شرکاء کو مختلف زرعی ٹکنالوجی سے واقف کروانے کے علاوہ ہند ۔ اسرائیل زرعی اشتراک منصوبہ کے تحت تربیت بھی فراہم کی جائے گی ۔ مسٹر ریوی فریڈ مین قونصل برائے تجارتی و معاشی امور ( اسرائیلی قونصل خانہ ) نے آج فیاپسی میں انڈو ۔ اسرائیل چیمبر آف کامرس کی جانب سے منعقدہ ایک اجلاس کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ہند اسرائیل کے درمیان زرعی ٹکنالوجی کے تبادلہ میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے اور زرعی شعبہ میں ہندوستانی کسانوں کو تربیت کی فراہمی کے سلسلہ میں اسرائیل اپنا کلیدی کردار نبھارہا ہے چونکہ اسرائیل زرعی ٹکنالوجی میں اپنی اہمیت منوا چکا ہے ۔ ریوی فریڈ مین کے بموجب ہندوستانی کسانوں اور زرعی شعبہ سے وابستہ افراد کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اسرائیل اگری ٹیک 2015 انتہائی کار آمد ثابت ہونے کی توقع ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں نمایاں بہتری پیدا ہوئی ہے اور ہندوستانی ٹکنالوجی کے اعتبار سے اسرائیل سے بہتر تعلقات استوار کرتے ہوئے تجارتی تعلقات کو مستحکم بنارہا ہے ۔ ریوی فریڈ مین کے ہمراہ ملاقات کے اس پروگرام میں شہر و ریاست کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے صنعت کار و تجارتی گھرانوں سے تعلق رکھے والے افراد موجود تھے جن میں مسٹر ادے کین ساگر صدر انڈو اسرائیل چیمبر آف کامرس ، مسٹر شیوشنکر رنگھٹا ، مسٹر راجکمار اگروال کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ قونصل برائے معاشی امور اسرائیل قونصل خانہ نے بتایا کہ اسرائیل میں زرعی ترقی اور مستعملہ پانی کے از سر نو استعمال کی ٹکنالوجی کے متعلق زرعی شعبہ سے وابستہ لوگ دریافت کررہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی شعبہ میں اسرائیل نے جو ترقی کی ہے وہ قابل تقلید ہے اس بات کو ہر ملک تسلیم کرنے لگا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہند اسرائیل تعلقات صرف زرعی شعبہ کی حد تک محدود نہیں ہیں بلکہ دنوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مختلف شعبہ جات میں وسعت حاصل کرتے جارہے ہیں اور ہندوستانی صنعت کار اسرائیلی ٹکنالوجی کو اختیار کرتے جارہے ہیں ۔۔