اسرائیل اور فلسطینی اختلافات گھٹانے کیلئے کوشاں : امریکہ

واشنگٹن ، 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی اور فلسطینی مذاکرات کاروں نے قیام امن کے سلسلے میں جمعرات کو مذاکرات منعقد کئے۔ محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی کے بقول ان مذاکرات میں فریقین کے درمیان اختلافات کم ہوئے ہیں۔ تاہم انھوں نے واضح کیا کہ فی الحال کسی معاہدہ کے حوالے سے کچھ بھی کہنا غلط اور قبل از وقت ہو گا۔ واضح رہے کہ امریکی ثالثی میں اسرائیل اور فلسطین کے مذاکرات کار براہ راست امن بات چیت میں مصروف ہیں۔ امریکی وزیرخارجہ جان کیری کی سخت کوششوں کے بعد گزشتہ برس شروع ہوئے ان مذاکرات میں کسی معاہدہ کے فریم ورک کیلئے رواں برس اپریل کے اختتام تک کی قطعی مہلت رکھی گئی تھی۔ تاہم فریقین کے درمیان موجود شدید اختلافات کی وجہ سے کہا جا رہا تھا کہ رواں ماہ کے اختتام تک کسی فریم ورک تک پہنچنا مشکل ہو گا۔