آگرہ۔ 3 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے قومی کاز کیلئے کام اور خدمت انجام دینے کے معاملے میں اسرائیل اور جاپان کی روش اختیار کرنے کی وکالت کی۔ انھوں نے کہاکہ یہ دونوںبنیادی سطح سے ترقی کرتے ہوئے آج دنیا کے طاقتور ملک بن چکے ہیں۔ انھوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ان دو ممالک سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے ۔طاقتور قوم پرستی اور ترقی کی راہیں تلاش کی جاسکتی ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ جاپان دوسری جنگ عظیم میں تباہ و تاراج ہوگیا لیکن راکھ کے ڈھیر سے اُبھرکر آج وہ دنیا میں ایک طاقتور ترین صنعتی موقف حاصل کرچکا ہے ۔ اسرائیل کا بھی یہی معاملہ ہے جس نے خودانحصاری اور قومیت پسندی کے ذریعہ ترقی کی ہے ۔ موہن بھاگوت نے کہا کہ ہندوستان کثرت میں وحدت کا حامل ملک ہے جہاں کئی زبانیں اورکئی طرح کی طرز زندگی دیکھی جاتی ہے ۔ آر ایس ایس ان تمام کو جوڑنے کا کام کررہی ہے ۔ انھوں نے نریند رمودی کی سوچھ بھارت ابھیان کی بھی ستائش کی ۔