اسرائیلی یونیورسٹی طلباء یونین کے انتخابات

یروشلم ۔ 6 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ( اے ایم یو ) کے ایک طالب علم کو اسرائیل کی مشہور ہیبرو یونیورسٹی میں 80 ممالک کے تقریبا 2000 غیر ملکی طلباء کی نمائندگی کرنے والی طلباء یونین میں منتخب کیا گیا ہے ۔وہ اس عہدہ پر منتخب ہونے والے پہلے ہندوستانی ہیں ۔ اے ایم یو کے ریسرچ اسکالر ذوالفقار سیٹھ (27 )اس وقت ہیبرو یونیورسٹی کے روتھبرگ انٹرنیشنل اسکول ( آر آئی ایس ) میںوزیٹنگ ریسرچ فیلو ہیں ۔ انہیں حال ہی میں ہونے والے یونین کے انتخابات میں منتخب کیا گیا ۔ گجرات میں سابر کانٹھا ضلع کے ہمت نگر شہر کے رہنے والے ذوالفقار نے کہا کہ ان کا مسلمان ہونا انتخابات میں ’ کبھی کوئی موضوع نہیں رہا ‘ اور ’انہوں نے یونیورسٹی احاطہ میں کسی بھی طرح کا امتیاز محسوس نہیں کیا ‘ اور تمام لوگوں نے ان کے ساتھ اچھا برتاؤ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ’ اس سے اسرائیل میں جمہوریت اور ساتھ ہی عالمی برادری کی کھلی سوچ کا پتہ چلتا ہے ۔ میں مسلمانوں سے بھی اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ وہ سمجھیں کہ آج بھی سیکولر اور لبرل مسلمانوں کے لیے ( دنیا میں ) کافی جگہ ہے ‘ ۔ کورس کا حصہ بننے کے بعد صرف ڈھائی ماہ میں ہی ذوالفقار ہیبرو یونیورسٹی احاطہ میں ایک مقبول ہستی بن کر ابھرے ہیں ۔ ذوالفقار نے کہا کہ ’میں نے الیکشن لڑنے کے بارے میں نہیں سوچا تھا لیکن جب مجھے پتہ چلا کہ اب تک کوئی بھی ہندوستانی اس عہدہ کے لیے منتخب نہیں ہوا تو میں نے سوچا کہ یہ وقت ہندوستان کے لیے اچھا ہے ‘ ۔۔

اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری قبول کرنے سے اکھلیش یادو کا انکار
لکھنو ۔ 6 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو نے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری قبول کرنے سے انکار کردیا جو کہ اترپردیش ٹیکنیکل یونیورسٹی 12 جنوری کو اپنے کنوکیشن میں پیش کرنے والی تھی ۔ اعزازی ڈگری کے اعلان سے متعلق میڈیا میں شائع اطلاعات پر چیف منسٹر نے بتایا کہ وہ یونیورسٹی کی اس پیشکش پر اظہار تشکر کرتے ہیں لیکن سابقہ میں وہ اس نوعیت کی ڈگری حاصل کرچکے ہیں لہذا یہ ڈگری دوبارہ حاصل کرنا سراسر نا انصافی ہوگی ۔ ٹیکنیکل یونیورسٹی کی اکیڈیمی کونسل 3 جنوری کو یہ فیصلہ کیا تھا کہ چیف منسٹر کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری پیش کی جائے ۔۔