اسرائیلی پولیس کے ہاتھوں کم عمر فلسطینی ہلاک

یروشلم 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)اسرائیلی پولیس نے بتایا کہ ایک فلسطینی شہری جس کے ہاتھ میں چاقو تھا اور وہ اسے لہراتے ہوئے ایک پولیس آفیسر کی جانب بڑھا اور اسے گھونپنے کی کوشش کی تاہم اس سے قبل ہی اسرائیلی پولیس نے اسے گولی مار کر ہلاک کردیا۔ پولیس ترجمان لوبا سامری نے بتایا کہ 17 سالہ فلسطینی شہری نے سڑک پر رکھی گئی ایک رکاوٹ کو پار کر کے پولیس آفیسر کو قصابوں کے استعمال میں آنے والے ایک چاقو سے ہلاک کرنے کی کوشش کی ۔ اسے دیکھ کر دیگر افسران نے اسے للکارتے ہوئے چاقو پھینک دینے کی ہدایت کی لیکن وہ نہیں مانا جس کے بعد پولیس افسران نے اسے گولی مار کر ہلاک کردیا۔