اسرائیلی پولیس کی فائرنگ سے فلسطینی بہن، بھائی شہید

یروشلم ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دریائے اردن کے مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے درمیان واقع ایک چیک پوائنٹ پر اسرائیلی پولیس نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ایک فلسطینی خاتون اور اس کے بھائی کو شہید کردیا ۔ اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا سامری نے دعویٰ کیا ہیکہ یہ دونوں مشتبہ عرب پیدل قلندیا چیک پوائنٹ کی جانب بڑھ رہے تھے۔مرد اور خاتون کے پاس چاقو تھے۔اس سے پہلے اس ترجمان نے کہا تھا کہ مرد کے پاس کلاشنکوف تھی۔ ترجمان کا کہنا ہیکہ پولیس نے ان دونوں کو متعدد مرتبہ رکنے کا اشارہ کیا لیکن اس کو کامیابی نہیں ہوئی اور مشتبہ افراد پولیس فورس کی جانب تیزی سے بڑھتے رہے۔اسکے بعد پولیس نے ان پر فائرنگ کرکے انھیں ہلاک کردیا ہے۔