اسرائیلی و صیہونی کمپنیوں کے پراڈکٹس کے بائیکاٹ کا مشورہ

فلسطین پر جارحیت کے خلاف خلوت تا مغلپورہ احتجاجی ریالی، علماء کا شدید ردعمل
حیدرآباد 27 جولائی (سیاست نیوز) فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف آج پرانے شہر میں خلوت تا مغلپورہ احتجاجی ریالی منظم کی گئی۔ مختلف تنظیموں کے ذمہ داران کی جانب سے منعقدہ ریالی میں سینکڑوں نوجوانوں نے حصہ لیا۔ ریالی کے دوران نوجوان مخالف اسرائیل و مخالف صیہونی نعرے لگارہے تھے اور عوام سے اِس بات کی اپیل کررہے تھے کہ اِس جارحیت کے خلاف ہندوستانی عوام اپنے طور پر اسرائیلی و صیہونی نواز کمپنیوں کے پراڈکٹس کے استعمال کو ترک کرتے ہوئے اسرائیل کی معیشت کو نقصان پہنچائیں۔ مولانا سید ظہیرالدین علی صوفی، مولانا سید اولیاء حسینی مرتضیٰ پاشاہ قادری، مولانا سید محمد احمدالحسینی سعید قادری، مولانا سید قبول پاشاہ شطاری، مولانا محمود پاشاہ قادری زرین کلاہ کے علاوہ دیگر اہم شخصیتوں نے اِس مخالف اسرائیل احتجاجی ریالی میں شرکت کرتے ہوئے احتجاج میں حصہ لیا۔ مختلف تنظیموں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی بڑی تعداد اسرائیل کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔ نوجوان جو ریالی میں شریک تھے حکومت ہند سے مطالبہ کررہے تھے کہ حکومت ہند مسئلہ فلسطین پر اپنا واضح موقف پیش کرے تاکہ صورتحال عوام پر واضح ہوسکے اور مظلوم فلسطینیوں کے متعلق حکومت کا نظریہ سامنے آئے۔ میلاد میدان خلوت تا مغلپورہ پلے گراؤنڈ نکالی گئی اِس ریالی کے دوران پولیس کے سخت صیانتی انتظامات دیکھے گئے۔