’’کوک اور پیپسی ہمارے لئے انسانی خون ‘‘، ممبئی کے ایک تاجر کی برہمی
اَنقرہ؍ نئی دہلی ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)فلسطین پر اسرائیل کی بمباری اور بے قصور انسانی کی ہلاکتوں پر دُنیا بھر میں شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم بھی شدت اختیار کرتی جارہی ہے چنانچہ ترکی اور ہندوستان میں اسرائیلی مشروب کوکاکولہ کی فروخت پر کافی منفی اثر پڑا۔ سوشیل میڈیا پر بھی یہ مہم شوروشور سے جاری ہے کہ اسرائیلی مصنوعات بالخصوص کوکا کولہ کا بائیکاٹ کیا جائے۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق کئی ریسٹورنٹس اور چھوٹی دکانات سے کوکا کولہ کو ہٹا دیا گیا ہے۔
ممبئی میں مسلمانوں نے پیپسی ، کرافٹ فوڈس گروپ اور نیسلے کی اشیاء کے ساتھ ساتھ کوکا کولہ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ یہاں ایک ریسٹورنٹ چلا رہے عمیر شیخ نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف ہماری برہمی کا یہ اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے کوک اور پیپسی دراصل انسانی خون ہے۔ وہ ہماری رقم کو فلسطینی کے خلاف جنگ کیلئے استعمال کررہا ہے اور ہم اس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کم از کم اسرائیل پر معاشی طور پر ضرب لگاسکتے ہیں۔ترکی میں بھی کوکا کولہ کی فروخت پر کافی اثر پڑا ہے کیونکہ عوام اسرائیلی پراڈکٹس کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔