اسرائیلی مصنوعات کا استعمال ترک کرنے کی تلقین

اخوت و محبت عیدالفطر کا اہم پیام،مسجد حفیظیہ ریاست نگر میں مفتی عبدالفتاح عادل سبیلی کا خطاب
حیدرآباد۔/19جون، ( راست ) عید، مسلمانوں کیلئے اجتماعیت اور وحدت کا پیغام ہے۔ اپنی بڑائی کی نفی اور خدا کی بڑائی کا اقرار ہے۔ سماج کے ہر طبقے کیلئے خوشحالی کا سبب ہے۔ سماجی عزت، جھوٹی شہرت اور متعلقین کی خوشنودی کے بجائے خدا کی خوشنودی کو حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ اپنی خوشی میں سماج کے کمزور سے کمزور تر طبقوں کی خوشی کو شامل کرنے کا دن ہے۔ خدا کے ایک حکم ( روزہ ) کو بجا لانے کی توفیق پر اظہار تشکر کا دن ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی عبدالفتاح عادل سبیلی ( استاذ جامعہ دارالہدیٰ ) نے مسجد حفیظیہ ریاست نگر میں کیا۔ مولانا نے کہا کہ دوسرے تہواروں کے مقابلہ میں عید کی ایک جداگانہ اور امتیازی شان ہے۔ اللہ تعالیٰ فریضہ صوم کی ادائیگی کے بعد اپنی اطاعت و فرمانبرداری کا ظاہری بدلہ اور نقد انعام عیدالفطر کی شکل میں عطا کرتا ہے۔ جس میں اخوت و بھائی چارگی، اتحاد و اتفاق، اجتماعیت و وحدت کا پیغام موجود ہے جس کے ذریعہ ہر طرح کے رنگ و نسل، ذات پات، دولت و ثروت کا امتیاز ختم ہوتا ہوا نظر آتا ہے۔ اس مبارک دن کاسب سے بڑا اور اہم ترین سبق یہی ہے کہ اپنے ساتھ دوسروں کو بھی اپنی خوشی میں شامل کیا جائے۔ صلہ رحمی اور قرابت داری کا لحاظ کیا جائے۔ قطع رحمی جرم ہے جس کی سزا اللہ تعالیٰ دنیا میں بھی دے دیتا ہے، آج مغرب کا خاندانی نظام پوری طرح بکھر چکا ہے اس لئے خاندانی نظام کی بقاء کیلئے صلہ رحمی پر توجہ دینا لازمی ہے۔ اس موقع پر مولانا نے کہا کہ انسانی اقدار کا لحاظ آج وقت کا تقاضہ ہے۔ اسلام کے پیام انسانیت کو عام کیا جائے۔ ذات پات، مذہب و ملت اور مسلک و مشرب کی تفریق ختم کی جائے۔ قرآن و سنت کی روشنی میں میراث کی تقسیم کا اہتمام کیا جائے۔ ہر وارث کو اس کا حق دیا جائے۔ نیز امت مسلمہ کے درد میں شامل ہوتے ہوئے اسرائیلی مصنوعات کا استعمال ترک کیا جائے۔ ان ظالموں نے رحمت والے مہینے میں بھی مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی ہے۔ اس مقدس سرزمین کی حرمت کو پامال کیا ہے۔ کیا مسلمان ان کی مصنوعات خرید کر اپنے ہی پیسوں سے اپنے مسلمان بھائیوں پر ظلم ہوتے ہوئے دیکھ سکتا ہے۔ مولانا نے کہا کہ خود ہندوستان میں بھی ہمیں اپنے گردو پیش کے حالات سے باخبر رہنا ہوگا اور ملک دشمن عناصر کی سازشوں کا خوش تدبیری سے مقابلہ کرنا ہوگا۔