اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں نوجوان فلسطینی جاں بحق

بیت اللحم (فلسطینی سرحد) ۔ 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی فوج نے ایک کمسن فلسطینی نوجوان کو مقبوضہ مغربی کنارہ میں گذشتہ شب ایک دھاوے کے دوران گولی مار کر ہلاک کردیا۔ فلسطینی وزارت صحت نے یہ بات بتائی اور کہا 15 سالہ ارکان مظہر کو بیت اللحم کے پناہ گزین کیمپوں میں ہوئی جھڑپ کے دوران ہوئی فائرنگ میں گولی سینے پر لگی جس سے وہ جانبر نہ ہوسکا۔ آج اس کی تدفین عمل میں آئے گی۔ دوسری طرف اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں بتایا گیا کہ فوج نے کیمپ میں داخل ہوکر دو افراد کو مشتبہ طور پر دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر گرفتار کرلیا تاہم اس کے فوری بعد فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی فوج پر سنگ باری اور دستی بم پھینکنے شروع کردیئے جس کے بعد اسرائیلی فوج کو بھی جوابی کارروائی کرنی پڑی جس میں مظہر جاں بحق ہوگیا۔