اسرائیلی فوجی پر حملہ کرنے والا فلسطینی ہلاک

یروشلم۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شمالی مغربی کنارہ پر ایک اسرائیلی فوجی پر ایک فلسطینی شہری نے چاقو سے حملہ کردیا جس میں وہ شدید طور پر زخمی ہوا۔ فوجی ذرائع نے بتایا کہ حملہ آور فلسطینی کو گولی مارکر ہلاک کردیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی بستی شیلو کے قریب فلسطینی شہری نے اسرائیلی فوجی کی گردن پر چاقو سے وار کیا تھا۔

لندن کی مسجد میں سابق امام کی نعش
لندن۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک شامی شہری جو عرصہ دراز سے برطانیہ میں مقیم تھا اور جسے صدر شام بشارالاسد کے خلاف کارروائیوں میں ملوث بتایا گیا تھا، شمال مشرقی لندن کے ایک علاقہ میں اپنی کار میں مردہ پایا گیا جسے گولی مارکر ہلاک کیا گیا تھا۔ بی بی سی کے مطابق جب لوگوں نے ایک کار میں ایک شخص کو مردہ پایا تو فوری پولیس کو مطلع کیا ۔ مقتول کے بارے میں بی بی سی نے یہ بھی بتایا کہ اس کا نام عبدالہادی عروانی ہے اور وہ نہ صرف ایک بہترین باورچی بلکہ لندن کی ایک مسجد میں امامت کے فرائض بھی انجام دیا کرتا تھا البتہ لندن پولیس نے مہلوک کی شناخت کی توثیق نہیں کی۔