اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری

غزہ سٹی ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اسرائیلی طیاروں نے آج فلسطینی علاقوں پر بمباری کی جس میں ایک ہی خاندان کے پانچ ارکان جاں بحق ہوئے ۔ جب کہ اسرائیل اور حماس کے مابین جنگ 47 ویں دن میں داخل ہوگئی ہے ۔ منگل کو نو دن کی خاموشی اس وقت ختم ہوگئی جب مصالحتی کوششیں نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی ۔ اور اس وقت سے اب تک 81 فلسطینی جاں بحق اور ایک چار سالہ اسرائیلی لڑکا ہلاک ہوگیا ۔ اسرائیل کا یہ موقف ہے کہ اسے اپنے شہریوں کے تحفظ کی طمانیت ملنی چاہئے جب کہ حماس کی جانب سے آٹھ سال سے جاری ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ اسرائیلی فوج نے آج کہا کہ غزہ پٹی پر 20 سے زائد فضائی حملے کئے گئے ۔ عینی شاہدین اور فلسطینی عہدیداروں نے بتایا کہ جنوبی غزہ کے خان یونس علاقہ میں دو مساجد شہید ہوگئیں ۔ اس کے علاوہ شاطی پناہ گزیں کیمپ میں واقع ایک مسجد جسے پہلے ہی نقصان پہنچا تھا ۔ آج دوبارہ بمباری کا نشانہ بنایا گیا ۔ اس دوران مصر نے غزہ میں جنگ بندی پر زور دیا اور کہا کہ فلسطین و اسرائیل کو بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع کرناچاہئے ۔ وزارت خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت جاری ہوا جب کہ صدر فلسطین محمود عباس نے صدر مصر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی ۔