یروشلم ۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو نے آج وزیراعظم ہند نریندر مودی سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ انہوں نے نیپال میں زلزلہ کے دوران اسرائیلی شہریوں کو بچانے میں ’’زبردست ‘‘ تعاون کیا اور کئی اسرائیلی سیاحوں کی جان بچالی جبکہ نیپال میں زلزلہ آیا تھا۔ پیرس میں ماحولیات کے موضوع پر منعقدہ چوٹی کانفرنس کے دوران مودی سے ملاقات میں نتن یاہو نے کہا کہ میں کہنا چاہتا ہوں کہ نیپال میں آفات سماوی کے دوران اسرائیل کے ساتھ ہندوستان کا تعاون ’’شاندار‘‘ تھا۔ وزیراعظم اسرائیل نے بچاؤ کارروائی کے دوران اظہار تشکر کرنے کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کو قبل ازیں ٹیلیفون بھی کیا تھا کیونکہ مودی نے اسرائیلی طیاروں کے ہندوستان میں اترنے کی اجازت دی تھی۔