زندہ بچ جانے والوں کی تلاشی کیلئے فلسطین کو اجازت دینے سے صیہونی حکومت کا انکار
غزہ سٹی ۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک فلسطینی عسکریت پسند گروپ نے آج اعلان کیا کہ غزہ پٹی سے شروع ہونے والی ایک سرنگ کو اسرائیل نے دھماکہ سے اڑا دیا، جس کے نتیجہ میں مزید پانچ فلسطینی عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں جس کے ساتھ ہی مہلوکین کی تعداد 12 تک پہنچ گئی ہے۔ فلسطینی عسکریت پسند تنظیم اسلامی جہاد نے اپنے کارکنوں کے نام بتاتے ہوئے کہا کہ سرنگ میں پھنسے ہوئے اس کے مزید پانچ کارکن ہلاک ہوگئے۔ اسرائیل نے سرحد سے گذرنے والی سرنگ کو ’’محدود‘‘ دھماکہ سے اڑا دیا تھا۔ اسلامی جہاد نے اپنے عسکری شعبہ کا حوالہ دیتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ’’صیہونی بمباری میں ہم اپنے یروشلم بریگیڈ کے پانچ نئے جانبازوں کی موت کا اعلان کرتے ہیں‘‘۔ 12 مہلوکین کے منجملہ 2 کا تعلق حماس سے ہے۔ اس اسلامی گروپ کا غزہ پٹی پر کنٹرول ہے۔ دیگر 10 مہلوکین کا تعلق اسلامی جہاد سے ہے۔ اسرائیل نے دوشنبہ کو کئے گئے اس دھماکے کے بعد زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کیلئے پہنچنے والی فلسطینی شہری دفاعی اتھاریٹی کو اس مقام تک رسائی کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ ریڈکراس انٹرنیشنل کمیٹی نے تباہ شدہ سرنگ میں تلاش کی اجازت دینے کیلئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے۔ فلسطینی علاقوں سے رابطہ رکھنے والی اسرائیلی دفاعی یونٹ ’’کوگاٹ‘‘ کے کمانڈر یعاؤ موردیشئی نے ریڈکراس کمیٹی کے سربراہ سے کہا کہ اسرائیلی حکام، غزہ پٹی کے سیکوریٹی زون میں تلاش کی اجازت نہیں دیں گے تاوقتیکہ اسرائیلی یرغمالیوں اور لاپتہ سپاہیوں کے مسئلہ پر پیشرفت نہیں کی جاتی۔