اسرائیلی حملے میں حماس کے دو شدت پسندوں کی ہلاکت

مغربی کنارہ۔ 7 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک اسرائیلی حملے میں حماس کے دو شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ آج منگل کو ایک اسرائیلی ڈرون کے ذریعے یہ کارروائی کی گئی۔ حماس کے عسکری گروپ عزالدین القسام بریگیڈ نے تصدیق کی ہے کہ مرنے والے اس کے جنگجو احمد مرجان اور عبدالحفیظ الصلاوی تھے۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی غزہ پٹی سے ہونے والے ایک حملے کے رد عمل میں کی گئی۔

وائٹ ہاؤس کی مستعفی ڈائریکٹر کمیونی کیشنز کی
ٹرمپ کے طیارے میں پراسرار موجودگی
واشنگٹن ۔ 7 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) وائٹ ہاؤس کی سابق کمیونی کیشنز ڈائریکٹر ہوپ ہیکس کو ہفتے کے روز اُس وقت ایئرفورس وَن کے طیارے میں سوار دیکھا گیا جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ایک ریلی میں شرکت کے لیے اوہایو جا رہے تھے۔ہوپ اُن شخصیات میں سے ہیں جن سے ٹرمپ نے اپنی صدارتی انتخابی مہم کے ابتدائی دنوں میں معاونت حاصل کی اور وہ اُن کی قریب ترین مشیروں میں شمار ہونے لگیں۔ہوپ جو ٹرمپ کے ساتھ کام میں سب سے زیادہ وقت گزارنے والے افراد میں سے تھیں، اُن کی صدارتی طیارے میں موجودگی کا سبب معلوم نہیں ہو سکا۔ہوپ ہیکس فروری میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئی تھیں۔