حیدرآباد 22جولائی (سیاست نیوز)فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف عام آدمی پارٹی تلنگانہ کی جانب سے آج ٹینک بینڈ کے قریب احتجاجی دھرنا منظم کیا جائے گا۔ احتجاجی دھرنے کے دوران عام آدمی پارٹی کارکن و قائدین فلسطین کے حمایت میں نعرہ لگا رہے تھے اور حکومت ہند سے مطالبہ کررہے تھے کہ حکومت فوری طور پر فلسطینی عوام پر جاری مظالم کو روکنے کیلئے اقدامات کرے۔پروفیسر ویشویشور راو ،محترمہ لبنی ثروت ،امریتا جیسوال کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میںعام آدمی پارٹی کارکنوں نے اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطین کے مظلومین کی حمایت کی۔ پولیس کی جانب سے احتجاجی مظاہرین کو طاقت کے زور پر ہٹانے کی کوشش کی گئی جس پر عام آدمی پارٹیوں کارکنوں نے اپنی گرفتاری پیش کرنے پر رضا مندی ظاہر کی اور پولیس نے تمام مظاہرین کو حراست میںلیتے ہوئے نامپلی پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ بعدازاں محترمہ لبنی ثروت نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ پر حملوں کا اسرائیل تنہا ذمہ دار نہیں بلکہ اسرائیل کو امریکہ کے علاوہ عرب ممالک خاموش تائید کے سبب اسرائیل فلسطینی مظلوموں پر حملے کررہا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ عام آدمی پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے فلسطین کے مسئلہ پر اپنا واضح موقف پیش کیا ہے اور فلسطین مکمل آزادی کی حمایت کی ہے ۔ محترمہ لبنی ثروت نے بتایا کہ امریکہ ایک جانب اسرائیل کو ہتھیار کی فراہمی کے ذریعہ مدد کررہا ہے اور دوسری جانب فلسطین کے لئے امداد کی اجرائی کے اعلانات کے ذریعہ یہ تاثر دینے کی کوشش کررہا ہے کہ ان جنگی حالات میں امریکہ انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کررہا ہے جبکہ حقیقت کچھ اور ہی ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت فوری طور پر اپنا موقف واضح کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی حمایت کا اعلان کرے اور فلسطینی مظلوموں کیلئے امداد جاری کرے۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کے موقف کو گاندھیائی اور انسانیت کی بنیاد پر اختیار کردہ موقف قرار دیتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل کی کارروائی کی مذمت میں کوئی تاخیر نہیںکی ہے ۔