اسرائیلی بربریت کے خلاف مرکز سے احتجاج درج کروانے پر زور

حیدرآباد ۔ 16 ۔جولائی (سیاست نیوز) فلسطین میں اسرائیلی بربریت اور معصوم افراد کی ہلاکتوں کے خلاف مرکزی حکومت کو اسرائیلی حکومت سے اپنا احتجاج درج کرنا چاہئے ۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ میں ہندوستان ، فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کرے۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر محمد علی شبیر نے اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی سرد مہری پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ انسانیت کی بنیاد پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں قرارداد منظور کردیا لیکن کانگریس اور دیگر جماعتوں کے مطالبہ کے باوجود مرکز نے اس مسئلہ پر کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ اسرائیل سے ہندوستان کے بڑھتے روابط کے تحت مرکزی حکومت کچھ بھی کہنے سے گریز کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان روایتی طور پر ہمیشہ فلسطینی عوام کی جدوجہد کی تائید کرتا رہا ہے ۔ ملک میں برسر اقتدار آنے والی ہر حکومت چاہے

وہ کسی جماعت کی ہو اس نے موافق فلسطین پالیسی کو جاری رکھا لیکن افسوس کہ نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت فلسطینیوں پر مظالم پر خاموش تماشائی کا رول ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل نریندر مودی حکومت مسلمانوں پر ہورہے اسرائیلی مظالم کی مذمت کرنا نہیں چاہتی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ انسانیت کی بنیاد پر دنیا بھر کے کئی ممالک اسرائیلی حملوں کی مذمت کر رہے ہیں اور بعض ممالک نے متاثرین کیلئے طبی امداد روانہ کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک عظیم جمہوریت کی حیثیت سے ہندوستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیل کو غزہ اور دیگر علاقوں پر حملوں سے روکنے کیلئے بین الاقوامی رائے عامہ ہموار کرے گی۔ دنیا کے مختلف ممالک کی تائید حاصل کرتے ہوئے ہندوستان اسرائیل کا دباؤ بنائے کہ وہ بے قصور فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں ترک کر دے۔ محمد علی شبیر نے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی بھرپور تائید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ ہی فلسطینی کاز کی تائید کی ہے اور اس کی یہ پالیسی آئندہ بھی برقرار رہے گی۔ نئی دہلی میں
مقیم محمد علی شبیر فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے سلسلہ میں فلسطین اور دیگر عرب ممالک کے سفیروں سے ملاقات کرتے ہوئے یگانگت کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اہل حیدرآباد نے ہمیشہ ہی فلسطینی عوام کی تائید کی اور جب کبھی اسرائیل نے ان پر حملہ کیا حیدرآبادی عوام نے اپنا احتجاج درج کرایا۔