اسرائیل، ہندوستان کیساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں

ودودھرا 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قونصل جنرل ڈیویڈ آکوے نے کہاکہ اسرائیل کی کمپنیاں ہندوستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں اور وہ ’’میک اِن انڈیا‘‘ مہم کو کامیاب بنانے کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کی کوششوں میں دلچسپی لے رہی ہیں۔ اسرائیل کی خواہش ہے کہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ مضبوط و مستحکم بنانے باہمی روابط و تعاون کے ذریعہ ترقیاتی کام انجام دیئے جارہے ہیں۔ اسرائیل کے شہر اشکلون سے آنے والی ایک اسرائیلی ٹیم اور قونصل جنرل نے ودودھرا میں منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کی اور ٹوئین سٹی معاہدہ پر دستخط کئے۔ ودودھرا میونسپل کارپوریشن کے ساتھ یہ معاہدہ کیا گیا۔ کل ودودھرا میں ’’فرینڈس آف اسرائیل‘‘ پروگرام میں شرکت کے بعد آکوے نے کہاکہ جب سے نریندر مودی مرکز میں اقتدار پر آئے ہیں ہند ۔ اسرائیل تعلقات مضبوط ہورہے ہیں۔ گزشتہ سال مئی میں بی جے پی نے مودی حکومت تشکیل دی ہے۔ اسرائیل اور ہندوستان کے درمیان روابط کو ایک نئی سمت دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔