ممبئی۔2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین اسد الدین اویسی کے اس مطالبہ کو اشتعال انگیز قرار دیا ہے کہ ممبئی میں ملسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے بلدیہ کا بجٹ مختص کیا جائے اور اس خصوص میں اسٹیٹ الیکشن کمیشن سے شکایت درج کروائی گئی ہے۔ بی جے پی سٹی یونٹ جو کہ بیرہن ممبئی میونسپل کارپوریشن میں حکمران شیوسینا کی حلیف جماعت ہے اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ممبئی بی جے پی یونٹ کے صدر آشیش سہلر نے بتایا کہ اویسی نے جو کچھ کہا ہے وہ اشتعال انگیز اور غیر قانونی ہے اور آبادی کے تناسب سے ایک مذہبی فرقہ کو گرانٹ کی منظوری کا مطالبہ قابل مذمت ہے۔ علاقہ ناگپاڑہ میں کل شام ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اسد اویسی نے کہا تھا کہ بیرہن ممبئی میونسل کارپوریشن کے حدود میں مسلمان، کل آبادی کا 21 فیصد ہیں۔ اگر بی ایم سی کا بجٹ 36 ہزار کروڑ کا ہے تو مسلمانوں کی ترقی کیلئے 7,700 کروڑ روپئے مختص کئے جانا چاہئے جو کہ نہیں کیا جارہا ہے۔